ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / پریش میستا موت معاملے میں سی بی آئی کی بی رپورٹ کو لے کر بھٹکل میں کانگریس کی پریس کانفرنس

پریش میستا موت معاملے میں سی بی آئی کی بی رپورٹ کو لے کر بھٹکل میں کانگریس کی پریس کانفرنس

Thu, 06 Oct 2022 18:42:25    S.O. News Service

بھٹکل:6؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز) ہوناور کے پریش میستا کے قتل کےلئے کانگریس اور مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئےسفید جھوٹ بولنےوالی بی جے پی کی بولتی بند ہوگئی ہے۔ اب جب کہ سی بی آئی نے بی رپورث رپورٹ دیتے ہوئے پریش میستا کے قتل کے الزام کو خارج کرچکی ہے تو بی جےپی والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کانگریس اور ضلعی عوام سے معافی مانگے۔ یہ بات بھٹکل  بلاک کانگریس صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک نے کہی ۔

کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتےہوئے انہوں نےکہاکہ پریش میستا کی حادثاتی موت کو لے کر بی جےپی والوں نے جس طرح سے اسے انتخابی موضوع بنایا اور پورے ضلع میں فساد اور ہنگامہ برپا کیا اور عوامی ملکیت کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کئی معصوموں کو مشکلات میں پھنسایا۔ اب اس کی سچائی سامنے آچکی ہے۔ پریش میستا کی موت پر ہمیں بھی رنج ہے۔ مگر اس وقت کے وزیر آر وی دیش پانڈے نے ان کے خاندان والو ں کو کے ڈی سی سی بینک میں ملازمت کا وعدہ کیاتھا ان کی غربت کو دیکھتےہوئے 2لاکھ روپئے بھیجے تھے۔ لیکن بی جےپی والوں نے اس کے باپ پر دباؤ بناتےہوئے نہ نوکری کی پیش کش کو منظور کیا اور نہ رقم لینے کو تیار ہوئے۔ آج ان کے خاندان کو نہ نوکری ملی نہ ہی رقم ملی۔ ان سب کے لئے بی جےپی والوں کی انتخابی پالیسی اہم وجہ ہے۔

سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک نے بات کرتےہوئے کہاکہ اس وقت ریاست میں برسر اقتدار کانگریس حکومت نے معاملے کو سی بی آئی کو سونپاتھا کیونکہ کانگریس چاہتی تھی کہ شفافیت کے ساتھ جانچ ہو۔ لیکن بی جےپی والوں نے پریش میستا کے والد کی معصومیت کا غلط استعمال کرتےہوئے انتخابی تشہیر کے لئے استعمال کیا۔ اس وقت خود بی جے پی والوں نے منی پال میں ہی پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا تھا مگر اب وہ بھول گئی ہے۔ کاروار میں بی جےپی کے ترجمان ناگراج نائک خود ایک وکیل ہوتےہوئےمنی پال میں  پوسٹ مارٹم کی ضرورت پر سوال اٹھایا ہے۔یہ کیا کہنا چاہتےہیں سمجھ سے باہر کی بات ہے۔ سی بی آئی ملک کی سب سے اعلیٰ جانچ ایجنسی ہے اسی سی بی آئی نے حتمی طورپر بی رپورٹ داخل کی ہے اب اسی پرسوال کرنے کی بات کہنا مضحکہ خیز ہے۔

ضلع پنچایت سابق نائب صدر راماموگیر نے بات کرتےہوئےکہاکہ فطری موت کو قتل بتاتے ہوئے ضلع میں فساد برپا کرکے پورے ضلع کے عوام کا سر نیچے کرنے والی بی جےپی کےکرتوت قابل مذمت ہے۔ قتل کی جھوٹی تشہیر بازی  پر بی جےپی کے قریب 50-60ارکان اسمبلی منتخب ہوئےہیں۔ اب ان کو لازمی ہے کہ وہ استعفیٰ دے کر دوبارہ انتخاب لڑے۔ اس کے علاوہ پریش میستا کے گھروالوں کو دیش پانڈے کی طرف سے دئیے گئے 2لاکھ روپئے خاندان والوں نے لینے سے انکار تو کیا مگر وہ رقم دیش پانڈے صاحب تک واپس نہیں پہنچی ہے ۔ جب ایسا ہے تو پھر وہ رقم کہاں گئی عوام کو اس کی جانکاری دینےکی مانگ کی۔

پریس کانفرنس میں وینکٹیش نائک، ٹی ڈی نائک، کے جی نائک، سچن نائک، منجونائک، مہیش نائک، مہابلیشور، ناگیش دیواڑیگا، گووند نائک ہڈین وغیرہ موجود تھے۔


Share: